بنگلور:29/دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہاکہ خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے میں ریاستی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی پیشگی تیاری نہیں ہوئی ہے۔آج ہاویری میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کا انتظام، گؤ شالاؤں کی فراہمی، روزگارکے ذریعہ راحت کاری کا کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں سے بے پرواہ سدرامیا حکومت بہت گہری نیند میں ہے۔ عوام کو درپیش مشکلات سے اس حکومت کو کوئی سروکار نہیں۔ پینے کے پانی جیسی بنیادی ضروریات سے محروم دیہی عوام اپنی گزر بسر کیلئے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان لوگوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے معاملے میں بھی سرکاری افسران کے رویہ کو شٹر نے مایوس کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے بار بار امداد کا تقاضہ کرنے والے سدرامیا کو یہ واضح کردینا چاہئے کہ ریاست کو اب تک مرکز نے کتنی امداد فراہم کی ہے اور اس میں سے کتنی رقم کس کس مد میں خرچ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر دیہی ترقیات وپنچایت ایچ کے پاٹل نے اعلان کیا تھا کہ دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت مزدورں کو اجرت ایک ہفتہ کے اندر ادا کردی جائے گی، لیکن اب تک اجرت ادا نہیں کی گئی ہے۔اس کیلئے کون ذمہ دار ہے یہ جواب ایچ کے پاٹل ہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اگر خشک سالی کی صورتحال پر بحث کیلئے سنجیدہ ہوتی تو حالیہ بلگاوی لیجسلیچر اجلاس میں ہی یہ معاملہ اٹھایا جاسکتاتھا، لیکن حکومت کی طرف سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اس موقع پر سابق وزیر سی ایم اداسی، رکن پارلیمان شیوکمار اداسی اور دیگر لیڈران اخباری کانفرنس میں موجود تھے۔